نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان کی ہدایات پرصوبے میں ہیلتھ کارڈ کے تحت طبی سہولیات کے دائرہ کارمیں بتدریج وسعت لائی جارہی ہے،سی ای اواسداللہ کاکڑ

پیر 11 دسمبر 2023 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2023ء) نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی ہدایت پر صوبے میں ہیلتھ کارڈ کے تحت سرکاری سطح پر عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے ساتھ ساتھ اندرون بلوچستان کی سرکاری اور نجی اسپتالوں میں طبی خدمات کی فراہمی کا عمل شروع ہوچکا ہے، سبی میں اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے دو مریضوں نے نجی شفا خانے سعید ہاسپٹل سے علاج معالجہ شروع کروا دیا ہے ، بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسد اللہ کاکڑ نے بتایا ہے کہ نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی ہدایات پر صوبے میں ہیلتھ کارڈ کے تحت طبی سہولیات کے دائرہ کار میں بتدریج وسعت لائی جارہی ہے اور اس سہولت کے تحت سبی میں دو مریضوں نے نجی ہسپتال سے علاج معالجہ شروع کروایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ کے تحت سہولیات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کو اس سے استفادہ کرنا چائیے انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ سے متعلق عوام الناس میں شعوری آگاہی بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ہر شہری کا شناختی کارڈ ہی ان کا ہیلتھ کارڈ ہے جس کے ذریعے پینل پر موجود اسپتالوں سے علاج معالجے کی معیاری سہولیات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے پینل پر موجود اسپتال کی صحیح معلومات کے لیے ویب سائٹ https://balochistanhealthcard.gov.pk/ پر ویزٹ کیا جاسکتا ہے اس کے علاوہ موبائل میں پلے اسٹور سے Balochistan health card ایپلیکیشن بھی ڈاؤن لوڈ کرکے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں اس کے علاوہ 080001001 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان ہیلتھ کارڈ نے بتایا ہے کہ ہیلتھ کارڈ کے لیے کسی بھی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوتی ہے اور نہ ہی علاج کے لیے ریفرل/ریفرنس کی ضرورت ہے۔