گندم کی بھر پور پیداوار حاصل کرنے کے لئے جڑی بوٹیوں کی تلفی بہت ضروری ہے ،ڈاکٹر مقصود احمد

منگل 9 جنوری 2024 14:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2024ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت(پلانٹ پروٹیکشن)ڈاکٹر مقصود احمدنے کہا ہےکہ گندم کی بھر پور پیداوار حاصل کرنے کے لئے جڑی بوٹیوں کی تلفی بہت ضروری ہے،گندم کی جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے ہینڈ سپریئر میں پانی کے نکاس کے حساب سے مشین کی زمینی رفتار اور ٹینکی میں زہر کے استعمال کا انتخاب موزوں ہوناچاہیے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار سپریئر کی ٹینکی کو صاف پانی سے بھر لیں اور ایک ایکڑ لمبائی کے کھیت کے 2چکر میں 5 فٹ چوڑائی پر سپرے کیاجائے۔"اے پی پی"سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ خرچ شدہ پانی کی کمی کو بیکر کی مدد سے پورا کیاجائے کیونکہ اس طرح محلول 100لیٹر فی ایکڑ خرچ ہوگانیز 450 لیٹر والے ٹینک سے 4.5 ایکڑ رقبہ پر سپرے کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکارسپرے کرتے وقت تیز ہوا، دھند یا بارش میں سپرے ہمیشہ پہلے پانی کے بعد وتر حالت میں کریں۔

انہوں نے کہاکہ گندم کی بھر پور پیداوار حاصل کرنے کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی بہت ضروری ہے کیونکہ جڑی بوٹیوں کی وجہ سے گندم کی 14 سے 42فیصد پیداوار متاثرہوتی ہے لہٰذا جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے زہر پاشی سپرے مشین کی مدد سے کی جائے اور سپرے مشین کیلئے صحیح نوزلز کا انتخاب بہت ہی اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسی جڑی بوٹیاں جو زمین سے باہر آچکی ہوں کیلئے زہر بذریعہ فلیٹ فین نوزل استعمال کی جاسکتی ہے تاہم گندم کی جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے ہینڈ سپریئر کا استعمال عام ہے مگراس میں پانی کے نکاس کے حساب سے مشین کی زمینی رفتار اور ٹینکی میں زہر کے استعمال کا انتخاب موزوں ہونا چاہے۔

انہوں نے کہاکہ موذونیت کے اس عمل کو کیلیبریشن کہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سپرے ہمیشہ مربوط طریقہ انسداد یعنی جڑی بوٹیوں کی مناسبت سے زہر کا انتخاب بروقت سپرے اور مناسب طریقہ استعمال پر توجہ دینا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ سپرے محلول کی مقدار کا تعین جڑی بوٹیوں پر لگے پتوں کی تعداد یا قد کی مناسبت سے کیا جاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :