سانگھڑ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، مسروقہ بھیڑیں 130 لیٹر سے زائد شراب برآمد

ہفتہ 13 جنوری 2024 14:49

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2024ء) سانگھڑ ضلع پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، لاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ بھیڑیں برآمد، ڈکیتی کے مقدمے میں روپوش ملزم گرفتار، شراب کشید کرنے والی بھٹی پر چھاپا 130 لیٹر سے زائد شراب برآمد، لاوارث حالت میں کھڑی مشتبہ مہران کار تحویل میں لے لی۔ تفصیل کے مطابق سانگھڑ ضلع پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کاروائیاں جاری ہیں۔

اس سلسلے میں ایس ایچ او کھاہی ریاض حسین مہیسر نے چوری شدہ بھیڑوں کی برآمدگی کے لیے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر 15 بھیڑیں برآمد کر لیں جن کی مالیت لاکھوں پر بنتی ہے۔ برآمد شدہ بھیڑیں اس کے اصل مالک محمد حسین منگریو کے سپرد کردی گئی۔ ایس ایچ او ٹنڈوآدم امتیاز علی کہاوڑ نے ڈکیتی کے مقدمے میں روپوش ملزم عابد علی کو گرفتا کرلیا جب کہ دوسری کاروائی میں رمیش کمار کی شراب کشید کرنے والی بھٹی پر چھاپہ مارکر 100 لیٹر سے زائد شرآب برآمد کرکے اور ملزم کو گرفتار کرکے بھٹی کو مسمار اور غیر تیار شدہ شراب کو موقع پر تلف کر دیا۔

(جاری ہے)

جبکہ ایک اور کاروائی میں منشیات فروش عمران علی انصاری کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 10 لیٹر شراب اور شراب پارسل کرنے والی تھیلیاں برآمد کرلیں۔ ایس ایچ او پیرومل منیر احمد جتوئی نے لاوارث حالت میں کھڑی مشتبہ مہران کار کو تحویل میں لے کر سیکشن 550 کے تحت چالان کر دیا۔ ایس ایچ او شاہ پورچاکر راجہ نوید سرفراز نے منشیات فروش رزاق مری کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 20 لیٹر دیسی شراب برامد کرلی۔