خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام''گرینڈامن فیسٹیول'' کا انعقاد

گرینڈ امن فیسٹیول میں کھانے پینے کے سٹالز سمیت کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے صوبہ کی روایتی موسیقی ،وزیری اتنڑ ڈانس سمیت حجرہ سیٹ اپ بھی سجایا گیا

منگل 30 جنوری 2024 19:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2024ء) خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے جامعہ پشاورکے شعبہ بین الاقوامی تعلقات اور انٹرنیشنل ریلیشنز سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے دو روزہ ''گرینڈ پیس فیئر'' کا انعقاد کیاہے۔جس کا مقصد صوبے کے نوجوانوں صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا، امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے سمیت صوبے اور ضم شدہ اضلاع کا مثبت چہرہ دنیا کو پیش کرنا تھا۔

نگران وزیر برائے ضم شدہ اضلاع عامر عبداللہ اور بریگیڈیئر تاشفین نے تقریب میں بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پرچیئرمین آئی آر ڈیپارٹمنٹ پروفیسر حسین شہید سحروردی ، ارسا کے صدر احمد علی خان اورانچارج ڈاکٹر خورشید بھی موجود تھے۔گرینڈ امن میلے کے پہلے دن امن کے حوالے سے پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا جس کی نظامت ڈاکٹر صائمہ رضا نے کی۔

(جاری ہے)

پینل میں نگران وزیرضم اضلاع عامر عبداللہ، پروفیسر ڈاکٹر حسین شہید، سینئر صحافی مشتاق یوسفزئی، ڈاکٹر عامر رضا اور سینئر صحافی شمس محمد شامل تھے۔شرکاء نے انضمام شدہ اضلاع اور ملک کے دیگر مقامات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔پینل ڈسکشن میں اس بات پربھی زور دیا گیا کہ ایک صحت مند معاشرے کی نشوونماکے لیے امن کا قیام ناگزیر ہے اور معاشرے کے ہر فرد کو مفادات اور اختلافات پر غور کیے بغیر اس مقصد کو حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔

شرکاء نے قیاس آرائیوں اور افواہوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کسی بھی صورتحال کا صحیح تجزیہ کرنے اور درست فیصلے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے منفی بیانیے کا مقابلہ کرنے، لوگوں کی ذہنیت کو تبدیل کرنے اور صوبے اور نئے ضم اضلاع کا ایک مثبت چہرہ پیش کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پرخیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے ضم شدہ اضلاع کے طلباء کے لیے مختلف سٹالز ،روایتی حجرہ سمیت قبائلی علاقوں کی ثقافت کی عکاسی پیش کرنے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔

گرینڈ امن فیسٹیول میں طلباء کی جانب سے کھانے پینے کے سٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ فیسٹیول میں ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے مختلف ثقافتی موسیقی کی تقریبات بشمول روایتی وزیری اتنڑ ڈانس اور روایتی رقص کا بھی اہتمام کیا گیاہے جس میں لوگوں کی بڑی تعدادشرکت ہے۔