سپورٹس کمپلیکس ان ڈور گیمز کے شائقین کیلئے صحت مند سرگرمیوں کے تقاضے پورا کر ے گا، ڈی جی ایف ڈی اے

بدھ 7 فروری 2024 22:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2024ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس ان ڈور گیمز کے شائقین کے لئے صحت مند سرگرمیوں کے جملہ تقاضوں کو پورا کرے گا ، جامع انتظامی حکمت عملی کے تحت کمپلیکس کو کامیابی سے چلانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یہ بات ایک اجلاس میں ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کے باقاعدہ افتتاح کے بعد اس کے ضروری امور کا جائزہ لیتے کہی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے جنید حسن منج،چیف انجینئر مہر ایوب، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم،اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ محمد بہرام اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے سپورٹس کمپلیکس کی تیز رفتار تکمیل میں چیف انجینئر سمیت دیگر متعلقہ افسران کی بھرپور کاوشوں کو سراہتے ہوئے شاندار افتتاح پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان ڈور گیمز کے لئے جدید و معیاری کورٹس،دیگر بہترین سہولیات اور پرشکوہ بلڈنگ، اس کے محل وقوع اور پرکشش ماحول کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بے حد سراہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس سپورٹس کمپلیکس کو شہر کے مختلف کلبز کے متوازی کھیلوں و تفریحی سرگرمیوں کے ضمن میں اعلیٰ پائے کا ادارہ بنایا جائے گا جس کے لئے مسقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبہ سازی کی جارہی ہے۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ سپورٹس کمپلیکس میں مردوں وخواتین کیلئے الگ الگ سوئمنگ پولز،بیڈ منٹن کورٹس، ٹیبل ٹینس رومز فراہم کرنے کے علاوہ سکوائش، باسکٹ بال اور لان ٹینس کورٹس، سنوکر،کیرم، چیس کھیلنے کی سہولیات بھی دستیاب ہیں جبکہ جوگنگ کے لئے 1450فٹ طویل ٹریک بھی بنایا گیاہے۔