فیصل آباد،ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کیلئے ممبرشپ کا آغاز کردیاگیا

جمعرات 15 فروری 2024 22:59

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2024ء) ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کیلئے ممبرشپ کا آغاز کردیاگیا ہے جس کے حصول کیلئے ممبرشپ فارم ایف ڈی اے سٹی میں سپورٹس کمپلیکس سرگودھا روڈ کے آفس میں دستیاب ہیں۔اس امر کا فیصلہ کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈ ی اے محمد آصف چوہدری نے سپورٹس کمپلیکس کے انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب گجر، ایڈ یشنل کوآرڈنیشن مصورخاں نیازی، اے سی جی جلیل الرحمن،ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ دلاور خان چدھڑ راجپوت، ڈائریکٹر فنانس یاسراعجاز چٹھہ ودیگر افسران موجود تھے۔کمشنر سلوت سعید نے ہدایت کی کہ سپورٹس کمپلیکس کوفوری طور پرفنکشنل کردیاجائے اس ضمن میں مختلف گیمز کیلئے کوچز /انسٹریکٹرز کو بلاتاخیر متعین کریں تاکہ شائقین کو ان ڈور گیمز کی عمدہ سہولیات میسر آسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی جی ایف ڈی اے کو سپورٹس کمپلیکس مینجمنٹ کمیٹی کا سیکرٹری نامزد کرنے کی منظوری دی اور کہاکہ سپورٹس کمپلیکس کو پرکشش بنانے اور شائقین کی ترغیب کیلئے مختلف تفریحی پروگرامز کے انعقاد کا سلسلہ بھی شروع کیاجائے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایاکہ مینجمنٹ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ممبرشپ فارم پانچ ہزار روپے کے عوض جاری کیاجائیگا جبکہ پہلے سو ممبرز کیلئے ممبرشپ فیس دو لاکھ روپے اور اسکے بعد پانچ سو ممبرز تک ممبرشپ فیس چار لاکھ روپے ہوگی، مختلف کھیلو ں کی سہولیات حاصل کرنے کیلئے ماہانہ فیسوں کے پیکجز مقرر کئے گئے ہیں جن کے مطابق ماہانہ فکسڈ چارجز دو ہزار روپے، تمام دستیاب ان ڈور گیمز کی سہولیات حاصل کرنے کیلئے سات ہزار روپے ماہانہ، ایک گیم کیلئے بارہ سو روپے ماہانہ، فیملیز کیلئے تمام ان ڈور گیمز کیلئے دس ہزار رپے ماہانہ، جمینزیم کیلئے خصوصی چارجز تین ہزار روپے ماہانہ ہونگے۔

اس موقع پر بتایاگیا کہ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں مردوخواتین کیلئے الگ الگ جمینزیم، سوئمنگ پولز، بیڈ منٹن کورٹس، ٹیبل ٹینس کے علاوہ سکوائش، باسکٹ بال، لان ٹینس،سنوکر، چیس ،کیرم کی کھیلوں کی سہولیات دستیاب ہیں جبکہ بیرون احاطہ میں بچوں کیلئے پلے ایریا کے علاوہ 1450فٹ طویل جوکنگ ٹریک، پارکنگ ایریا، کچن، ڈائنگ ہال ، ٹائلٹس بلاکس بمعہ چینجنگ رومز و لاکرز اوردیگر تفریحی سہولیات بھی اس شاندار منصوبے کا حصہ ہیں۔