ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں ان ڈور گیمز کیلئے کوچز،انسٹریکٹراورضروری سٹاف تعینات

ہفتہ 17 فروری 2024 17:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2024ء) ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں ان ڈور گیمز کیلئے کوچز،انسٹریکٹراورضروری سٹاف کو تعینات کردیاگیا ہے تاکہ ممبرشپ کے عمل کے ساتھ ساتھ ممبرز کو کھیلوں و تفریح کی سہولیات بلاتاخیر میسرآسکیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایک اجلاس میں ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کے انتظامی امور کی پیش رفت کاجائزہ لیتے ہوئے بتائی۔

چیف انجینئر مہرایوب گجر، ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل دلاور خان چدھڑ راجپوت ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے بتایاکہ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس حکومت پنجاب کی طرف سے کھیلوں و تفریحی سرگرمیوں کے شعبہ میں شہریوں کے لئے گرانقدر ترقیاتی تحفہ ہے جس میں ممبرز کو ان ڈور گیمز کی جدید اور مثالی سہولیات فراہم کی جائیگی جن میں مردو خواتین کیلئے الگ الگ عالمی معیار کے سوئمنگ پولز،جمنیزیم سمیت بیڈ منٹن، سوائش، لائن ٹینس، باسکٹ کورٹس، ٹیبل ٹینس،کیمرم، چیس وسنوکرہالز، جوگنگ ٹریک اوردیگر ان ڈور گیمز کی سہولیات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی دستیاب سہولیات سے مستفید ہونے کیلئے ممبرشپ فارمز جاری کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں مینجمنٹ کمیٹی کی طرف سے ممبر شپ کے حصول کے خواہشمند شائقین کے انٹرویوز کئے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اورسٹاف کوہدایت کی کہ وہ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں اعلیٰ نظم ونسق کویقینی بنائیں اس سلسلے میں تمام تراملاک کے تحفظ اور باقاعدہ صفائی ستھرائی کیلئے مستقبل بنیادوں پر ٹھوس ا قدامات کریں جبکہ گرین ایریا کی خوبصورت ڈویلپمنٹ کے علاوہ پورے ماحول کو خوشگوار رکھنے اور مزید پرکشش و جاذب نظر بنانے میں کوئی کسراٹھا نہ رکھیں۔

انہوں نے بتایاکہ شائقین ممبرشپ فارمز کے حصول میں پرجوش نظر آرہے ہیں اور کافی حدتک ممبرشپ فارمز جاری کئے جاچکے ہیں کیونکہ پہلے سو ممبرز کیلئے ون ٹائم فیس دولاکھ روپے جبکہ اگلے پانچ سو ممبرز تک فیس چار لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔