خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری

پیر 19 فروری 2024 14:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2024ء) کالام سمیت خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا، کمراٹ، شرینگل اور مضافات میں گزشتہ رات سے شدید برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک اوسطاً دو فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ بونير کے علاقے چغرزئی ، گانشال اور ملحقہ علاقوں ميں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔لوئر چترال کے علاقے مداکلشٹ، گرم چشمہ اور وادی کیلاش میں گزشتہ رات سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے پورے وادی میں موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔

اسی طرح لواری ٹنل کے دونوں اطراف شدید برفباری ، دیر اور چترال کے درمیان ہر قسم کی ٹریفک فلحال معطل ہے۔ اپر چترال کے تقریباً تمام وادیوں میں بھی بارش کے ساتھ ساتھ برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔چترال میں موسم سرما کی یہ پہلی برفباری ہے۔

(جاری ہے)

برفباری کے ساتھ سردی میں بھی أضافہ ہو گیا۔سردی میں اضافے کے ساتھ سوختہ لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے ۔

جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے وادی کاغان، وادی ناران سمیت مانسہرہ کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری کا سلسلہ جاری ہےگلیات میں تیز ہواوں کیساتھ برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اور اب تک دو فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔وادی داریل، کوہستان میں اس وقت زبردست برفباری ہو رہی ہے پوری وادی نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔تیراہ میدان کے مختلف علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔