تیسرا پریذیڈنٹ آف پاکستان نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ جناح پولو فیلڈ میں شروع ہوگئی

بدھ 28 فروری 2024 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2024ء) جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام تیسرا پریذیڈنٹ آف پاکستان نیشنل اوپن پولوچیمپئن شپ سپانسرڈ بائی عسکری بینک، حبیب میٹرو بینک اور فیصل بینک جناح پولو فیلڈ میں شروع ہوگئی۔ جناح پولو فیلڈ جو پاکستان کا سب سے بڑا پولو کلب ہے کے سیکرٹری میجر علی تیمور (ر) کا کہنا تھا کہ امسال کی نیشنل اوپن کا مین ایونٹ جناح پولو فیلڈز میں ہو رہا ہے جس میں چار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں،جن میں ڈی ایس پولو،ماسٹر پینٹس /ڈائمنڈ پینٹس،بی این پولو اور ایف جی پولو کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ہر ٹیم میں دو غیرملکی کھلاڑی شامل ہیں جبکہ دونوں امپائرز بھی غیرملکی ہیں۔سیکرٹری نے سپانسر عسکری بینک لمیٹڈ،حبیب میٹرو بینک اور فیصل بینک کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اتنا بڑا ٹورنامنٹ سپانسر کیا۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کھیلا گیا جس میں ڈی ایس پولو نے ماسٹر پینٹس /ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم کو 10-7 سے شکست دے دی۔ڈی ایس پولو کی طرف سے انگلش کھلاڑی میکس ویل چارلٹن نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے6 گول سکور کئے جبکہ دیگر میں نکو رابٹس نے چار گول سکور کیے۔ماسٹر پینٹس /ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے خوان زبیاریے نے پانچ اور راجہ تیمور ندیم نے دو گول سکور کیے۔آج جمعرات کو ایف پولو کا مقابلہ بی این پولو سے ہوگا۔