کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی ہواوے کی سائبر سکیورٹی اور پرائیویسی پروٹیکشن ٹیم سے ملاقات

جمعہ 1 مارچ 2024 16:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2024ء) کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور مشیر کامسٹیک ڈاکٹر سید خورشید حسنین نے بارسلونا میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانگریس میں ہواوے کی سائبر سکیورٹی اور پرائیویسی پروٹیکشن ٹیم سے ملاقات کی۔ جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق کامسٹیک اور ہواوے کے درمیان تعاون کا مقصد او آئی سی ممالک کی سائبر سکیورٹی کی مہارت کو بڑھانا ہے جس میں سیکورٹی مینجمنٹ، سیکورٹی وقوعہ کے ردعمل، خطرے کے انتظام اور ابھرتی ہوئی سیکورٹی ٹیکنالوجیز اور ضروریات سے باخبر رہنے جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے بتایا کہ کامسٹیک رکن ممالک کے فائدے کے لیے ہواوے ٹیکنالوجیز کی صلاحیتوں اور مواقع سے استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

شراکت داری کے دائرہ کار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے تعلقات کو ایک انتہائی لچکدار تعاون قرار دیا۔ انہوں نے صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، زراعت اور سائبر سکیورٹی جیسے شعبوں میں ہواوے ٹیکنالوجیز کو متعارف کرانےاور استعمال کرنے کے لیے تعاون کو وسعت دینے کے ارادے کا اظہار کیا۔

حال ہی میں کامسٹیک اور ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ قومی سائبر سکیورٹی سے متعلق آگاہی کو فروغ دیا جاسکے اور او آئی سی کے رکن ممالک کی سائبر سکیورٹی میں صلاحیتوں کو تقویت دی جاسکے۔ مفاہمت نامے کے تحت او آئی سی ممالک کے سرکاری ملازمین کے لیے سائبر سکیورٹی سے متعلق آگاہی اور صلاحیت کی تعمیر میں مدد ملے گی۔

پروفیسر اقبال چودھری نے کہا کہ کامسٹیک رکن ممالک کی قومی حکمت عملیوں کی بہتر تفہیم پیدا کرنے کے لیے ہواوے کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنی ڈیجیٹل تبدیلی کی پالیسیاں بنا سکیں اور قانون سازی کر سکیں۔ ڈاکٹر سیّد خورشید حسنین ہواوے پاکستان ٹیم کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ ان سرگرمیوں کا ایک میٹرکس تیار کیا جاسکے جن میں ورکشاپس، قومی اور بین الاقوامی تربیتی پروگرامز اور کچھ ٹیکنالوجیز کا نفاذ شامل ہیں۔