چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان گرفتار، مال مسروقہ برآمد

ہفتہ 2 مارچ 2024 17:12

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) ایبٹ آباد کے تھانہ میرپور پولیس نے 3 مختلف مقدمات میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی چوریوں کا سراغ لگا کر نامعلوم ملزمان کو گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کرلیا۔ ایبٹ آباد پولیس کے مطابق ڈی ایس پی سرکل میرپور سراج خان اور ایس ایچ او عاصم بخاری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمان نے رواں سال جنوری میں ملک تنویر سکنہ بلقیاس ٹاؤن کے گھر سے کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی اشیاء چرائیں جس پر مقدمہ درج کر کے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ، جس کی قیادت ڈی ایس پی سراج خان کر رہے تھے ،نے انتہائی قلیل وقت میں نامعلوم چوروں کا سراغ لگاتے ہوئے دوران تحقیقات ملزم نوشیر ولد ممتاز سکنہ بٹگرام کو حراست میں لیا، جس کی نشاندہی پر دوسرے ملزم عثمان ولد رسا سکنہ میرپور کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے 14 عدد قیمتی گھڑیاں، دو انگوٹھیاں، دو قیمتی پین، قیمتی لیپ ٹاپ، لاکھوں روپے مالیتی بیگ جبکہ دوسرے مقدمہ میں حبیب اللہ کالونی کے رہائشی راویز محمد ولد رضا محمد کے گھر سے 3 عدد قیمتی آئی فون موبائل، 2 عدد لیپ ٹاپ، گولڈ جیولری سیٹ، 4 عدد انگوٹھیاں اور دیگر قیمتی مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ ڈی ایس پی سراج خان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش جاری رکھی ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش کے بعد گروہ کے مزید ملزمان تک پہنچنے کے لئے تحقیقات جاری ہے، گرفتار ملزمان منشیات اور آئس کی فروخت میں بھی ملوث ہیں ۔