پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پینٹنگ اور تھیٹر کے مقابلے

ہفتہ 2 مارچ 2024 22:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سلسلے میں لاہور ڈسٹرکٹ کے پینٹنگ اور تھیٹر کے مقابلے تاریخی اوپن ائیر تھیٹر باغ جناح میں ہفتہ کو منعقد ہوئے۔ پینٹنگ کے مقابلوں میں دو سو سے زائد بچوں نے حصہ لیا جن میں نمایاں کارگردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل سید بلال حیدر نے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دیں۔

(جاری ہے)

پیٹنگ میں پہلا انعام ماہ نورجاوید ، دوسرا انعام فیضان سلطان نے جبکہ تیسرا انعام شائستہ صدیقی نے حاصل کیا۔ ضلع کی سطع پر نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے افراد کو 6 مارچ کو ڈویژن کی سطح پر مدعو کیا جائے گا جبکہ ڈویژن سے کامیاب افراد لاہور میں ہونے والے صوبائی سطح کے 8 مارچ کو ہونے والے مقابلے میں شرکت کے اہل ہونگے۔اس کے علاوہ پہلے پنجاب تھیٹر مقابلہ میں لاہور ڈویژن سے کل 26 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کے مابین آج اور کل مقابلے جاری رہیں گے ۔ جس میں کامیاب گروپس 9 مارچ کو لاہور میں صوبائی سطح کے مقابلے میں مدعو ہونگے۔