کرغزستان ٹریڈ ہائوس کے چیئرمین مہر کاشف یونس کی محمد شہباز شریف کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد

اتوار 3 مارچ 2024 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2024ء) کرغزستان ٹریڈ ہائوس کے چیئرمین مہر کاشف یونس نے شہباز شریف کو دوسری بار وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی متحرک قیادت میں پاکستان معاشی طور پر ایک مضبوط ملک بن کر ابھرے گا۔

(جاری ہے)

اتوار کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت معاشی استحکام ناگزیر ہے جس کے لیے جامع اور مربوط حکمت عملی اشد ضروری ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرکے حکومت ایسی بامعنی اصلاحات لا سکتی ہے جن کا نفاذ کر کے قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ، گرتے ہوئے غیر ملکی ذخائر اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانے، ٹیکس وصولیوں کو بڑھانے، قواعد و ضوابط کو ہموار کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے بھی قومی اتفاق رائے سے اقدامات کرنا ہوں گے۔ مہر کاشف یونس نے مزید کہا کہ اتفاق رائے کے اس عمل کا ایک اہم پہلو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفادات کو ترجیح دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمولیت اور شفافیت کے ماحول کو فروغ دے کر ہی حکومت، عوام اور اہم فیصلہ سازوں کے درمیان اعتماد کی فضا پیدا کی جا سکتی ہے۔