لیاقت آباد میں ٹریفک نظام کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جائیں ، سید فرازاحمد

پیر 4 مارچ 2024 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) آل کراچی تاجر الائنس کے نائب صدر ولیاقت آباد حیدری جیولرز کے صدر سید سرفرازاحمد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل لیاقت آباد و حیدری مارکیٹ کے ٹریفک نظام کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوایس ایس پی ٹریفک ڈسٹرکٹ سینٹرل سعادت علی یاسین سے ملاقات میں کیا۔

ملاقات میں آل حیدری بزنس ٹریڈرز کے صدر محمد عاصم و عہدیداران، کراچی جیولرز کے گروپ کے چیئرمین شفیع داود، لیاقت آباد حیدری زرگرا ن ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید مبشراحمد، محمد ساجد، علی جان، عیسی خان،رضوان اللہ و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔انہوں نے رمضان المبار ک میں حیدری مارکیٹ اور لیاقت آباد میں ٹریفک کے معاملات کو بہتر اور روا ں رکھنے کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

سید فرازاحمد نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل لیاقت آباد و حیدری مارکیٹ کے ٹریفک نظام کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے ، لیاقت آباد و حیدری کی مرکزی شاہراہوں پر غیرقانونی پارکنگ کے خاتمے کے لئے اقدامات اور آگاہی مہم چلائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹریفک پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کوتیار ہیں، ٹریفک جام کی وجہ سے لیاقت آباد وحیدری مارکیٹ کے تاجروں اور صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثرہوتی ہیں ۔

تاجروں کے وفد نے ایس ایس پی ٹریفک ڈسٹرکٹ سینٹرل سعاد ت علی یسین کو قرآن پاک کی ریل کا تحفہ بھی دیا۔ تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران ایس ایس پی ٹریفک ڈسٹرکٹ سینٹرل سعادت علی یاسین نے لیاقت آباد و حیدری کے تاجروں کی کارکردگی و جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور حیدری مارکیٹ کے پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے ، دسٹرکٹ سینٹرل میں ٹریفک کے نظام کو بہتر کیا جائیگا ،رمضان المبارک میں افطار سے قبل ٹریفک کا دبائو بڑھ جاتا ہے اس لئے وقتی طورپر ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد و حیدری میں عوام الناس کی رہنمائی کے لئے ٹریفک اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کریں گے اور بالخصوص افطاری کی اوقات میں ٹریفک نظام کو مکمل کنٹرول کیا جائے گا اور غیرقانونی اور جگہ جگہ پارکنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی ۔