سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کی کورنگی میں جعلی جوس و منرل واٹر بنانے والی فیکٹری کے خلاف کارروائی، جعلی مشروبات کو موقع پر ضائع کر دیا گیا

پیر 4 مارچ 2024 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) سندھ فوڈ اتھارٹی نے ٹیم کی کورنگی میں بڑی کارروائی کی،جعلی جوس اور منرل واٹر بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کورنگی کے علاقے میں ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین کی سربراہی میں ایک بڑی کارروائی کی ۔ کارروائی کے دوران جعلی جوس اور جعلی منرل واٹر بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی ۔

فیکٹری سے بڑی تعداد میں جعلی جوس کے ڈبے اور جعلی منرل واٹر کی بوتلیں برآمد کرلی گئیں۔

(جاری ہے)

سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تمام جعلی مشروبات اور پانی کو موقع پر ہی ضائع کردیا۔کارروائی کے موقع پر مقامی پولیس بھی سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ تھی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کہا کہ ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے، رمضان المبارک میں ملاوٹ سے پاک کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آ جائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سندھ فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت سخت الفاظ کی جائے گی ۔