موسمی پھل اور موسمی سبزیا ں استعمال کرنے والے بیماریوں سے محفوظ اور طویل خوشگوار زندگی گزارتے ہیںپروفیسر ڈاکٹر احمد دین

بدھ 6 مارچ 2024 11:54

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2024ء) موسمی پھل اور موسمی سبزیا ں استعمال کرنے والے بیماریوں سے محفوظ اور طویل خوشگوار زندگی گزارتے ہیں، ناقص منصوبہ بندی (درخت اور کھیت سے منڈی سے آڑھت پھر ریڑھی دوکاندار تک پہنچنی) کے باعث ۰۳ سے ۰۴ فیصد پھل اور سبزیاں ضائع ہو رہی ہیں،پاکستان کے پھل اور سبزیاں دنیا بھر میں اپنی منفرد خوشبو، ذائقہ اور رنگت کے باعث الگ مقام رکھتے ہیں،یہ بات نیشنل انسٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ،زرعی یونیورسٹی، فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر احمد دین نے نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول، سوشل ویلفیئر سوسائٹی،غلام محمد آباد میں پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کی صدارت جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کی، پروفیسر ڈاکٹر احمد دین نے کہا کہ یہ کنو کا موسم ہے، جس میں ۵۸ فیصد پانی،وٹامن سی اور وٹامن اے کی کثیر تعداد اس میں پائی جاتی ہے،تازہ کنو کثرت سے کھانے والے بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں، نزلہ زکام ، بخار ان کے قریب بھی نہیں آتا،بلکہ دوسری بیماریوں سے بھی کھانے والا محفوظ رہتا ہے، کنو کے اندر قدرت نے انسان کی خوبصورتی کے بے شمار فوائد جمع کردئے ہیں،خاص طور پر کنو استعمال کرنے والی خواتین کی جلد میں قدرتی حسن ،نکھار پیدا ہوتا ہے ،کھانا کھانے کے بعد اگر تین چار کنو کھا لیے جائیں تو کھانے کے بعد انسانی پیٹ میں کسی قسم کی تیزابیت بھی پیدا نہیں ہوتی،تیزابیت ہی انسان کو موٹاپے کی طرف لے جاتی ہے جس سے بلڈ پریشر اور شوگر کے امراض جنم لیتے ہیں، پھلوں کو سکوائش ، شربت ،جیم کی حیثیت دینے والے آج ہزاروں افراد اپنے گھر میں بہترین روزگار کا سلسلہ شروع کیے ہوئے ہیں، اس کی ٹیکنالوجی اس قدر اسان ہے کہ ایک معمولی پڑھا لکھا بھی شربت ،سکوائش کے ہنر کی بدولت لاکھوں روپیہ ماہانہ کما سکتاہے،ڈاکٹر احمد دین نے کہا کہ بازاری کھانے کسی لحاظ سے بھی صحت کے لیے مناسب نہ ہیں ان کے مسلسل اور زیادہ استعمال سے وقتی زائقہ تو ملتا ہے مگر سوائے بیماریوں کو جسم میں داخل کرنے سے اور کچھ حاصل نہیں ہوتا، اسی طرح بازاری کھانوں کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کو بھی ملحوظ خاطر نہیں رکھا جاتا،انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ ملکی ترقی اور اپنی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے گھریلوسطح پر پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کریں،جنرل سکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کہا کہ نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول طالبات کو دور جدید میں نت نئی ہونے والی تبدیلوں سے روشناس کرانے کے لیے کئی موضوعات پر تقاریب کا ایک سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، اس کو بنیادی مقصد طالبات کے اندر خود اعتمادی پیدا کرنا اور تاکہ وہ خود انحصاری کی منزل پر گامزن ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار اددا کرتی چلی جائیں،بعد ازاں کنو سکوائش اور کنو جیم عملی طور پر تیار کیا گیا، مسز یاسمین حمید نے پھلوں اور سبزیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی، حافظہ صبا تبسم نے پرسوز انداز میں نعت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور جنرل سیکرٹری نے تلاوت قرآن مجید سے تقریب کا آغاز کیا۔