سیالکوٹ، ماہ صیام میں احترام رمضان آرڈیننس اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائیگا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 9 مارچ 2024 23:12

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2024ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید اسد رضا کاظمی نے کہا ہے کہ ماہ صیام میں احترام رمضان آرڈیننس اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائیگا، رمضان المبارک میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹ دن کے اوقات میں مکمل طور پر بند رہیں گے اور افطاری سے قبل ہوٹلز میں "ڈائن ان" کی سہولت بھی بند رہے گی۔

یہ بات انہوں نے ضلعی امن /بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ایس پی ملک نوید، انچارج سکیورٹی برانچ حافظ سعید، کوآرڈینیٹر امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، ملک ذاکر اعوان، پیر غلام حسین سلطانی، پیر ظہور واصف، شیخ آصف، مولانا اقبال گھمن، بشپ سراج،حکیم رتن لال، جسکرن سنگھ، سید نجم الحسن گیلانی، ایوب اوپل، اشفاق نذر، ماسٹر فیض، علامہ مصدق قاسمی، علامہ نیاز احمد الازہری، پاسٹر شمشاد اور جان محبوب نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ایس پی ملک نوید نے کہا کہ روزہ ہمیں صبر اور برداشت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ انتظامیہ، پولیس اور تمام مکاتب فکر علماء کرام کی مشترکہ قومی، آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام قیام امن کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور رمضان میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے مساجد آنے والے تمام مشکوک /اجنبی افراد پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی شر پسند عناصر کو امن کی خوشگوار فضا کو مکدر کرنے کا موقع نہ ملے۔