Live Updates

دورانِ عدت نکاح کیس،خاور مانیکا کوئی وکیل پیش نہ کر سکے

پیر 11 مارچ 2024 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں دورانِ عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران خاور مانیکا کوئی وکیل پیش نہ کر سکے۔سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کی۔دورانٍ سماعت خاور مانیکا عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ ان کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہ ہوا۔

خاور مانیکا نے عدالت کے سامنے موقف اپنایا کہ وقت کم تھا اس لیے کوئی وکیل نہیں ملا۔پی ٹی آئی کے وکلاء عثمان ریاض گل، شیراز رانجھا اور خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے بشریٰ بی بی کی جانب سے سزا کی معطلی کے لیے متفرق درخواست دائر کر دی۔بشریٰ بی بی کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیل قابلِ سماعت قرار دی۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اپیل پر فیصلے تک بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرے اور ان کی ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔عدالت نے کیس کی سماعت 20 مارچ تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر متفرق درخواست اور سزا کی معطلی کی درخواستوں پر دلائل طلب کر لیے۔اس سے قبل اسی عدالت نے خاور مانیکا کو وکیل مقرر کرنے کیلئے ساڑھے 12 بجے کا وقت دیا تھا۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات