محکمہ بہبودآبادی بھکر کے زیر اہتمام آگاہی سیشن کا انعقاد

پیر 11 مارچ 2024 23:00

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) محکمہ بہبودآبادی بھکر کے زیر اہتمام یونین کونسل انگرا ڈگر تحصیل دریاخان میں کمیونٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کےلئے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر(سی اینڈ ٹی) محمدرمضان اعوان نے سیشن کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ بہبودآبادی پروگرام کے فروغ میں کمیونٹی کے افراد کا کلیدی تعاون حاصل کرنے کےلئے آگاہی سیشنز کا انعقاد کیاجا رہا ہے،ماں بچے کی صحت بارے آگاہی بہبودآبادی پروگرام کی اولین ترجیح ہے،ماں 2 سال بچے کودودھ پلائے تاکہ اولاد میں 3 سال کا قدرتی وقفہ ہو اورماں بچے کی صحت بھی بہتر رہے،خاندانوں کو یہ موقع ملنا چاہیئے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق بچوں کی پیدائش اور وقفے کے بارے میں صحیح فیصلہ کر سکیں تاکہ ماوں کی شرح اموات میں کمی آ سکے اور خاندانوں کی صحت اور بہبود میں بہتری آئے۔

(جاری ہے)

بچوں کی تعلیم و تربیت پرخصوصی توجہ والدین کی اولین ذمہ داری ہے تاکہ وہ معاشرے اورملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی و وسائل میں توازن ملک کی معاشی و معاشرتی ترقی کا ضامن ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل بارے آگاہی اورخصوصاً خواتین کی تعلیم پر توجہ دے کر معاشرے میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔سیشن کے شرکاء نے محکمہ بہبود آبادی کے ساتھ بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر دریاخان محمد اعظم نامور نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :