ماہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ

پیر 11 مارچ 2024 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز شاہد خان مہمند نے ویڈیوپیغام جاری کیا ہے جس میں ضلع ملاکنڈ کے تمام صارفین سے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر ماہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جس کے لیے پرائس ریویو کمیٹی کا جلاس منعقد کیا تھا جس میں تمام اشیاء خوردونوش کی نرخنامے مقرر کئے گئے تھے اور تمام دکانداروں اور تاجر برادری کو بھیج دیا گیا ہے اس لیے ضلع ملاکنڈ کے غیور عوام سے اپیل ہے کہ وہ اشیاء خوردونوش کو سرکاری نرخنامے کے مطابق خریدیں۔

شکایات کی صورت میں مختلف مقامات پر مانیڑنگ سیل بھی قائم کئے گئے ہیں جس میں ضلعی انتظامیہ کے نمائندہ گان ہونگے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وٹس ایپ نمبر 03149922733 پر رابطہ کریں تاکہ ان کے خلاف بروقت قانونی کاروائی کی جائے۔انہوں نے تاجر برادری سے بھی کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کی خاطر عوا م کو شیائے خوردونوش سرکاری نرخنامے کے مطابق وافر مقدار میں فراہم کرنے کو یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوری،گران فروشی،ملاوٹ اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے سے گریز کریں اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کریں۔

اس کے علاوہ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ ملاکنڈ نے رمضان المبارک کے مہینے میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ،تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال تھانہ بائزی میں دسترخوان بھی قائم کی ہے۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اس کارخیر میں حصہ ڈالیں۔