کامسٹیک، الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی کے زیراہتمام دس روزہ آئی کیمپ صومالیہ میں اختتام پذیر،401 کامیاب سرجریز کی گئیں

منگل 12 مارچ 2024 16:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2024ء) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ادارہ کامسٹیک ، الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی اور النور فاؤنڈیشن (صومالیہ) کے زیر اہتمام 10روزہ مفت موتیا بند سرجری کیمپ صومالیہ کے سینکڑوں افراد کی بینائی بحال کرتے ہوئے کامیاب نتائج کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ۔ منگل کو یہاں کامسٹیک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موغادیشو کے دلمر سپیشلائزڈ اینڈ ٹیچنگ ہسپتال میں منعقد ہونے والے اس کیمپ کا مقصد ملک میں نابینا پن کو ختم کرنا تھا۔

کیمپ میں 5632 سے زیادہ مریضوں کی سکریننگ کی گئی جن میں سے 550 کی شناخت موتیا کی سرجری کے لئے کی گئی۔ الشفاء ٹرسٹ کے ماہر امراض چشم نے 401 سرجریز کامیابی سے کیں۔اس اقدام کو صومالی معززین کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی ۔

(جاری ہے)

صومالی پارلیمنٹ میں سماجی امور کی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر پروفیسر عثمان ڈوفل اور سابق وزراء نے کامسٹیک اور الشفاء ٹرسٹ کی کوششوں کو سراہا۔

پروفیسر ایم ایم بینادر یونیورسٹی کے ریکٹر حسن بیدے نے تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مریضوں کی حفاظت اور معیاری دیکھ بھال کو یقینی بناتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے سخت پروٹوکول کے تحت سرجریز کی گئیں۔ مریضوں کو آپریشن کے بعد کی نگرانی اور ادویات کے استعمال پر رہنمائی دی گئی۔ بیان کے مطابق ٹیم نے مستقبل کی کوششوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے صومالی وزارت خارجہ کے مستقل سیکرٹری حمزہ عدن ہادوو سے ملاقات کی۔

موغادیشو کے قریب ایک جزیرے کے مریضوں کے لئے ایک دن مختص کیااور ان دور دراز کی کمیونٹیز تک اپنی رسائی کو بڑھایا۔ مستقبل میں سینیگال، کینیا، یوگنڈا اور صومالیہ میں اسی طرح کے کیمپس کے انعقاد کے لئے بات چیت جاری ہے۔ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ اس کیمپ نے صومالیہ سے نابینا پن کو دور کرنے میں مدد کی ہے۔

انہوں نے الشفاء آئی ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل رحمت خان (ر) کا اس آئی کیمپ کے انعقاد میں ان کے وژن اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور افریقی رکن ممالک میں آنکھوں کے کیمپوں کے لئے اس طرح کے مزید تعاون کی امید ظاہر کی۔ صومالی وزارت خارجہ کے سیکرٹری حمزہ عدن ہادو نے کہا کہ صومالیہ میں قابل علاج اندھے پن کو ختم کرنے کے لئے کامسٹیک اور الشفاء ٹرسٹ کی کوششوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔