لاہورہائیکورٹ کااساتذہ کو مردم شماری کے واجبات ادا کرنے کاحکم

منگل 12 مارچ 2024 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے اساتذہ کو مردم شماری کے واجبات ادا نہ کرنے کیخلاف درخواست پر چیف سیکرٹری کو مردم شماری ڈیوٹی کرنے والے اساتذہ کو ادائیگی کرنے کاحکم دے دیا،عدالت نے درخواست نمٹا دی۔جسٹس عابد حسین چٹھہ نے کاشف شہزاد سمیت دیگراساتذہ کی درخواست پر سماعت کی۔ پنجاب ٹیچرز یونین کی طرف سے میاں داود ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

وکیل درخواستگزارنے موقف اختیارکیا کہ مردم شماری کو9 ماہ گزرگئے، اساتذہ کو واجبات ادا نہیں کئے جا رہے، حکومت نے اساتذہ کو 26ہزار شمار کنندہ اور52ہزار سپروائزر کی مد میں ادا کرنا تھے، اساتذہ کو ٹریننگ دینے اور لینے کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ الائونس بھی دیا جانا تھا۔پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ وفاقی حکومت واجبات کی مد میں رقم ملک بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو دے چکی ہے، اب پنجاب حکومت نے واجبات دینے ہیں، عدالت نے سرکاری وکیل سے کہا کہ چیف سیکرٹری اساتذہ کے مردم شماری کی بابت واجبات کے مسئلے کو جلد حل کریں، عدالت نے چیف سیکرٹری کو ہدایات جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔