اے ٹی پی انڈین ویلز اوپن ٹینس مینز سنگلز ،ڈینیئل مدویدیف،ہولگر رونے،کیسپررڈ اور ٹامی پال کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

جمعرات 14 مارچ 2024 22:24

کیلیفورنیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2024ء) روس کے ٹینس کھلاڑی ڈینیئل مدویدیف،ڈنمارک کے ہولگر رونے،ناروے کے کیسپررڈ اور امریکی ٹینس کھلاڑی ٹامی پال اے ٹی پی انڈین ویلز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ فرانس کے گیل مونفلس اور بلغاریہ کے گریگور دیمتروف پری کوارٹر فائنل راونڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے ۔

امریکا کی مشہور ریاست کیلیفورنیا کے انڈین ویلز ٹینس گارڈن میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ جمعرات کو کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں روس کے ٹینس کھلاڑی ڈینیئل مدویدیف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بلغاریہ کے حریف کھلاڑی گریگور دیمتروف کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 4-6 سے شکست دے کر ایونٹ کے ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈنمارک کے ہولگر رونیٹاپ 16 میچ میں امریکی حریف کھلاڑی ٹیلر فریٹزکو سخت مقابلے کے بعد 6-2، 6-7(2-7)اور 3-6 سے ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ناروے کے کیسپررڈ نے بھی چوتھی رکاوٹ عبور کر لی ، انہوں نے پری کوارٹر فائنل میچ میں فرانسیسی حریف کھلاڑی گیل مونفلس کو 6-3، 6-7(3-7)اور 4-6 سے مات دی۔ ایک اور ٹاپ 16 میچ میں امریکی ٹینس کھلاڑی ٹامی پال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اطالوی حریف کھلاڑی لوکا نارڈی کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور3-6 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔