جو 19 سال تک نہ ہوا، وہ آج ہو گیا

پاکستان نے نیوزی لینڈ سے شکست سے بچنے کیلئے انوکھا کام کر ڈالا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 27 اپریل 2024 23:36

جو 19 سال تک نہ ہوا، وہ آج ہو گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 اپریل 2024ء ) جو 19 سال تک نہ ہوا، وہ آج ہو گیا، پاکستان نے نیوزی لینڈ سے شکست سے بچنے کیلئے انوکھا کام کر ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری ٹاکرے کے دوران پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ایک ایسا کام کر ڈالا جو 19 سالوں کے دوران کسی بھی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ میں کسی پاکستانی کپتان نے نہیں کیا۔

ہفتے کے روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کپتان بابر اعظم نے ہدف کے دفاع کیلئے 8 گیند باز آزمائے، آج سے پہلے کبھی پاکستان نے ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں اتنے گیند باز نہیں آزمائے۔ بابر اعظم نے ہدف کا دفاع کرنے کیلئے شاہین شاہ آفریدی، عباس آفریدی، محمد عامر، عماد وسیم، شاداب خان، اسامہ میر، افتخار احمد اور صائم ایوب سے گیند بازی کروائی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں کیویز کو شکست ہونے سے پاکستان سیریز میں شکست سے بال بال بچ گیا ۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

بابر اعظم نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان 43 اور عثمان خان 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ افتخار احمد 6 اور صائم ایوب ایک رن بناسکے، شاداب خان 15 اور عماد وسیم 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤت رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے جیمز نیشم، ایش سودھی، بین سیئرز، ولیم اوروروک اور زکارے فولکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 168سکور بنا کر آوٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام بلنڈل 4، مائیکل بریس ویل 23، مارک چیپمین 12، کول میکونچی 1، جیمز نیشم 16، ٹم سیفرٹ 52 اور زکرے فوکس بغیر کوئی سکور بنائے آوٹ ہوئے۔ پاکستان شاہین آفریدی نے چار، اسامہ میر نے 2 جبکہ عماد وسیم اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔ پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، عثمان خان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد عامر شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مائیکل بریسویل (کپتان)، ٹام بلنڈل، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، زیک فولکس، کول میک کونچی، جیمز نیشم، ول اوورکے، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، اش سودھی پر مشتمل تھی۔