بڑھتی ہوئی آبادی ہمارے ملک کے لیے خطرہ ہے، معاون خصوصی لیاقت علی خان

جمعہ 15 مارچ 2024 14:43

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں بڑھتی ہوئی آبادی پر کنٹرول حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ 2023 تک ہمارے ملک کی آبادی تقریبا 25کروڑ تھی لیکن چند سال میں اگر اس رفتار سے اس میں اضافہ ہوتا رہا تو یہ آبادی دگنی ہو جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کانسٹیٹیوشن آف کنٹری انگیجمنٹ ورکنگ گروپ کے 32ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس سے دیگر صوبوں سے آئے ہوئے ماہرین اور شرکاء نےملک کی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات اٹھانے پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ وہ عوام کو صحت، تعلیم اور پینے کا صاف پانی مہیا کرے کیونکہ یہ عوام کا بنیادی حق ہے،اگر آبادی مناسب ہو تو عوام کو یہ سب ضروری سہولیات فراہم کرنے میں آسانی ہوگی انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش نے اپنی آبادی پر کنٹرول حاصل کر کے ترقی کی ہے ہمیں بھی چاہیے کہ ہم دوسرے ممالک کے ساتھ آبادی کو کنٹرول کرنے میں مقابلہ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ ایک ٹیم ورک کے تحت اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے اورصوبے کے تمام تر لوگوں میں بڑھتی ہوئی آبادی کے منفی اثرات بارے شعور اور آگاہی پیدا کریں۔