اے ٹی پی انڈین ویلز اوپن ٹینس مینز سنگلز، کارلوس الکاراز کا کامیاب دفاع ، دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا

پیر 18 مارچ 2024 21:44

کیلیفورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2024ء) سپین کے نامور ٹینس سٹار ، دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ کارلوس الکارازنے اے ٹی پی انڈین ویلز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ 20 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں روسی حریف ٹینس کھلاڑی ڈینیئل مدویدیف کو شکست دے کر نہ صرف ٹورنامنٹ جیت لیا بلکہ ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ ٹورنامنٹ جیت لیا۔

امریکا کی مشہور ریاست کیلیفورنیا کے انڈین ویلز ٹینس گارڈن میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ پیر کو کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں سپین کے نامور ٹینس سٹار ، دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ کارلوس الکاراز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کے حریف ٹینس کھلاڑی اور عالمی نمبر چار ڈینیئل مدویدیف کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(5-7) اور 1-6 سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ٹورنامنٹ جیت لیا۔

(جاری ہے)

20 سالہ الکاراز نے روس کے عالمی نمبر چار ڈینیئل مدویدیف کو ہرا کر گزشتہ سال جولائی میں ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد اپنا پہلا ٹائٹل اپنے نام کیاہے۔واضح رہے کہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے ٹخنے کی انجری سے نجات پانے کے بعد ٹینس کورٹس میں واپسی کی ہے،انجری مسائل کی وجہ سے ان کو ں گزشتہ ماہ ریو اوپن میں اپنے ابتدائی میچ سے دستبردار ہونا پڑاتھا۔

اپنی کامیابی کے بعد سکائی سپورٹس کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں کارلوس الکاراز نے کہا کہ مجھے یہاں کھیلنا پسند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹائٹل کا دفاع میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔20 سالہ ٹینس سٹار نے کہا کہ رواں سال میرے لئے کچھ زیادہ خاص ہے کیونکہ ٹورنامنٹ سے پہلے میں اپنی انجری سے نجات پانے کے بعد کھیل میں واپس آیا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید فتوحات حاصل کرئوں گا۔

متعلقہ عنوان :