انڈین پریمیئر لیگ میں بولرز پیسے لے کر تباہ ہورہے ہیں : وسیم اکرم

شکر ہے میں اس دور میں کرکٹ نہیں کھیل رہا، 5 اوورز میں 100 رنز بنانا غیر قانونی ، بولرز کیلئے ایسا ہی ہوگیا ہے کہ پیسے لیں اور یہاں خود کو تباہ کرلیں : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 اپریل 2024 16:12

انڈین پریمیئر لیگ میں بولرز پیسے لے کر تباہ ہورہے ہیں : وسیم اکرم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 اپریل 2024ء ) انڈین پریمیئر لیگ میں ٹیموں کی جانب سے بہت زیادہ رنز بنانے اور ہدف کا تعاقب کرنے پر وسیم اکرم نے حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی سپورٹس چینل سے گفتگو میں سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ آئی پی ایل کے اس سیزن میں بولرز تباہ ہورہے ہیں۔ خدا کا شکر ہے میں اس دور میں کرکٹ نہیں کھیل رہا ہوں، اس وقت 20 اوورز میں 270 رنز بن رہے ہیں، یعنی 50 اوورز کے کھیل میں 450 یا 500 رنز بن سکتے ہیں۔

بنگلورو اور حیدرآباد کے میچ کا حوالہ دیتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اگر اتنے زیادہ رنز ایک بار بنتے تو ٹھیک تھا لیکن ایسا تین چار بار ہوا ہے۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ بیٹنگ کتنی مضبوط ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 5 اوورز میں 100 رنز بنانا غیر قانونی ہے، ایسا کس طرح ہورہا ہے؟ بولرز کے لیے ایسا ہی ہوگیا ہے کہ پیسے لیں اور یہاں خود کو تباہ کرلیں۔

(جاری ہے)

میں اس فارمیٹ میں بولرز کے لیے یہی محسوس کرتا ہوں۔ پاکستان کے سابق کپتان نے سن رائزر حیدرآباد کو فرنچائز کرکٹ میں سب سے زیادہ تباہ کن فریق قرار دیا۔