پاکستان اگلے سال سائوتھ ایشن گیمز کی میزبانی کرے گا ‘احسن اقبال

پیر 29 اپریل 2024 15:30

پاکستان اگلے سال سائوتھ ایشن گیمز کی میزبانی کرے گا ‘احسن اقبال
نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کھیلوں کا فروغ موجودہ حکومت کا ویژن ہے،اگلے سال پاکستان سائوتھ ایشن گیمز کی میزبانی کرے گا اس سے پہلے نارووال سپورٹس سٹی کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق تیار کرنا ہوگا ۔ سپورٹس سٹں میں منعقدہ اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس،فیڈرل سیکرٹری فار بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشد کیانی،ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ و ایڈیشنل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ظہور احمد،ڈپٹی کمشنرنارووال سید حسن رضا،فوکل پرسن نارووال سپورٹس سٹی فاروق اعظم،ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے نمائندگان نے شرکت کی ۔

نارووال سپورٹس سٹی کی پاکستان سپورٹس بورڈ سے یونیورسٹی آف نارووال کو ہینڈنگ اوور کے بعد نارووال سپورٹس سٹی کے انتظامی اور مالی معاملات کو چلانے کے حوالے سے وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال،پاکستان سپورٹس بورڈ اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے نمائندگان پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

(جاری ہے)

یہ کمیٹی اس امر کو یقینی بنائے گی کہ سپورٹس سٹی میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو تیزی سے مکمل کرے اور ان پراجیکٹس کی ادائیگیوں کو یقینی بنائے تاکہ نارووال سپورٹس سٹی کو تمام تر کھیلوں کیلئے جلد از جلد اوپن کیا جاسکے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کی جانب سے نارووال سپورٹس سٹی میں موجود سکواش و بیڈمنٹن ہالز،باسکٹ بال،کرکٹ،فٹبال، اور ہاکی گرانڈز اور سپورٹس سٹی کے ہاسٹلز کی بحالی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے حوالے سے ایگزیکیوٹنگ ایجنسیز کو ہدایات دی گئیں۔علاوہ ازیں سپورٹس سٹی میں کبڈی گرانڈ بنانے اور بجلی سمیت تمام تر معاملات جلد مکمل کرنے کی ہدایات کی گئیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ آئندہ سال ساوتھ ایشن گیمز کے انعقاد سے پہلے نارووال سپورٹس سٹی کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق تیار کرنا ہوگا۔کرکٹ گراونڈ کو از سر نو تیار کریں تاکہ ہم اگلے سیزن میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے میچز اس گراونڈ میں کروا سکیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں ہر ہفتے نارووال سپورٹس سٹی کا دورہ کروں گا اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسیز کی پرفارمنس کو میں بذات خود مانیٹر کروں گا۔

بعد ازاں وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کی جانب سے نارووال سپورٹس سٹی کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور میڈیا سے گفتگو بھی کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ھوئے انکا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کا ویژن ھے کہ ہم کھیلوں کو فروغ دیں۔اگلے سال پاکستان ساوتھ ایشن گیمز کی میزبانی کرے گا اور اس سے پہلے ہم قومی سطح پر نیشنل گیمز کا انعقاد کرنا چاھتے ہیں تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو تیاری کا موقع مل سکے۔

نارووال سپورٹس سٹی جو پچھلی گورنمنٹ کی غیرذمیدارانہ پالیسیز کی بھینٹ چڑھا اب ھم چاھتے ہیں کہ اس سٹیڈیم کو ساوتھ ایشن گیمز سے پہلے بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کریں۔نارووال سپورٹس سٹی میں تمام کھیلوں کے کوچز پورا سال موجود رہیں گے تاکہ ہمارے ٹیلینٹڈ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم ہو سکے اور وہ انٹرنیشنل لیول پر پاکستان کا پرچم بلند کرسکیں۔