آؤ مل کر گلشن کو گلشن بنائیں کے تحت گلشن اقبال میں بلدیاتی اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری

جو زمین جس مقصد کیلئے ہے، اسے اسی مقصد کے استعمال میں لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے،ڈاکٹر فواد احمد

جمعرات 21 مارچ 2024 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد کی ہدایت پر گلشن کو گلشن بنانے کے حوالے سے اقدامات تیزی سے جاری ہیں، اس سلسلے میں گلشن اقبال ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ماہ رمضان کی مناسبت سے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے کے ڈی اے مارکیٹ نزد ڈسکو بیکری کے اطراف تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن سر انجام دیکر سینکڑوں کچی پکی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کی روانی بحال ہو چکی ہے،شہریوں نے تجاوزات کے خاتمے کے بعد خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور اسے مثالی اقدام قرار دیا تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران سڑکوں پر آئے متعدد ٹھیلے پتھاروں کو کلیئر کرنے کے ساتھ اضافی جگہوں کو مسمار کیا گیا اس موقع پر متعین کردہ حدود سے تجاوز کرنے والے دکانداروں تنبیہہ کی گئی کہ وہ اپنی حدود میں رہیں اور اضافی جگہوں کو مسمار کردیں بصورت دیگر مزید کاروائی کرکے دکانوں کو حدود میں لایا جائے گا واضح رہے کہ چئیرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد کی واضح ہدایات ہیں کہ سرکاری اراضی کو اسی مقصد کیلئے استعمال ہونا چاہیئے جس کیلئے اسے مختص کیا گیا ہے گلشن اقبال ٹاؤن میں موجود زمین کو کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے اجازت نہیں دینگے اس سلسلے میں محکمہ انسداد تجاوزات منتخب نمائندگان کے ساتھ مل کر تمام اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مار رمضان کی مناسبت سے مساجد و عبادت گاہوں کے اطراف اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب و درستگی، سڑکوں کی استرکاری، تجاوزات کو ہٹانے اور دیگر اقدامات بھی تیزی سے جاری ہیں۔