ایچ ڈی اے کا نادہندہ ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

جمعرات 21 مارچ 2024 20:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) ایچ ڈی اے نے نادہندہ ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دیدی گئی، ہائوسنگ اسکیموں کو حتمی نوٹس جاری، 7 یوم ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں قانونی کاروائی کا انتباہ ، مذکورہ ہائوسنگ اسکیموں کی جانب سے این او سی ایگریمنٹ کے مطابق مروجہ فیس اور ای ڈی سی کی مد میں کروڑوں روپے کے بقایا جات واجب الادا ہیں ۔

میڈیا سیل ایچ ڈی اے کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تعلقہ لطیف آباد، قاسم آباد، سٹی اور تعلقہ دیہی کی درجنوں ہائوسنگ اسکیموں پر بیرونی ترقیاتی اخراجات ای ڈی سی اور دیگر مدات میں کروڑوں روپے کے بقایا جات واجب الاداہیں۔ ادارہ ترقیات حیدرآباد نے متعد د بار مذکورہ اسکیموں کے بلڈرز / اسپانسرز سے رابطہ کیا تاہم اس جانب سے کسی بھی قسم کی سنجیدگی کا مظاہرہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایچ ڈی اے مالی بحران کے باعث اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی سے بھی قاصر ہے ۔ادارہ کے سینکڑوں ملازمین 4 سے 5 ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں ۔ اعلامیہ کے مطابق تعلقہ لطیف آباد ،سٹی ،قاسم آباد اور تعلقہ دیہی میں واقع درجنوںاسکیموں پر ای ڈی سی اور دیگر واجبات کی مد میں کروڑوں روپے کے بقایاجات واجب الادا ہیں۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ نادہندہ ہائوسنگ اسکیوں کو حتمی نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں ۔جن میں انہیں ادائیگی کے لئے 7 یوم کی مہلت دیتے ہوئے متنبہ کیا گیا ہے کہ عدم ادائیگی کی صورت میں ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں این او سی کی منسوخی کے علاوہ ایف آئی آر کا انداج بھی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :