ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے کی اشد ضرورت ہے،رانا محمد اکرام

اتوار 24 مارچ 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2024ء) انٹرنیشنل کبڈی امپائر رانا محمد اکرام نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اے پی پی سے گفتگو میں انہوں نےبتایا کہ کبڈی ہمارا ثقافتی کھیل ہے اور ملک کے دیہی علاقوں میں کبڈی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر نام جیت کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے جو کھیلوں میں اپنی پوری قوت سے کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ملک میں کبڈی کے فروغ کے لیے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد سرور رانا کا ورلڈ کبڈی فیڈریشن کا سیکرٹری جنرل بننا ملک و قوم کے لیے بڑا اعزاز ہے۔

انٹرنیشنل امپائر نے کہا کہ حکومت اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر کوئی کھیل ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہیے تاکہ دوسرے کھیلوں کو بھی فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :