ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں 8 ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر 15 فیصد اضافہ ہوا،سٹیٹ بینک

پیر 25 مارچ 2024 12:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 15 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی ۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 1.977 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات سے ملک کو 1.720 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

فروری میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 257 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال فروری میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 195 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جنوری کے مقابلے میں فروری میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 3 فیصد کمی ہوئی ، جنوری میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 265 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں کم ہو کر 257 ملین ڈالر ہوگیا۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں خدمات کے شعبوں کی برآمدات سے ملک کو 5.079 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ایک فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خدمات کے شعبے کی برآمدات کا حجم 5.149 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔