صحت کارڈ کی بحالی انقلابی اقدام ہے، کوئی مریض بغیر علاج کےنہیں رہے گا،صوبائی وزیر جنگلات خیبرپختونخوا

منگل 26 مارچ 2024 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات،ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کی بحالی سے اب کوئی بھی مریض بغیر علاج کے نہیں رہے گا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے صوبےکےعوام کے لئے صحت کارڈ بحال کرنا انقلابی اقدام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدوشریف کیجولٹی ہسپتال سوات میں صحت کارڈ کے اجراء کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ میں سیدو شریف کیجولٹی سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ نجی ہسپتال بھی پینل میں شامل ہیں ۔ تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں کی فہرست جاری کی گئی ہے ، عوام جہاں چاہیں علاج کراسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی خوشحالی اور ترقی پر یقین رکھتی ہے ، اس لئے ہر شعبے میں عوام کی توقعات کے مطابق بہتری لائی جائے گی ۔بعدازاں صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور تیمارداروں سے سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا بھی تفصیلی معائنہ بھی کیا۔