بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھوروسنگھے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے

بدھ 27 مارچ 2024 22:43

چٹوگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھوروسنگھے سری لنکا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی غیر موجودگی میں اسسٹنٹ کوچ نک پوتھاز میچ کے دوران ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ ہفتہ کو چٹوگرام میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

بی سی بی کے بیان کے مطابق ہتھوروسنگھے ذاتی وجوہات کی بنا پر واپس اپنے گھر آسٹریلیا روانہ ہوگئے ہیں جبکہ ان کی واپسی کی تاریخ کا ابھی حتمی اعلان نہیں ہوا ہے۔

ہتھوروسنگھے نے دوسری مرتبہ بنگلہ دیش کے کوچ کی ذمہ داریاں گزشتہ سال فروری میں سنبھالی تھیں جبکہ وہ پہلی مرتبہ 2014ء سے 2017ء کے عرصہ کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے۔ بنگلہ دیش ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں 328 رنز کی شکست کے بعد سلہٹ سے چٹوگرام پہنچ چکی ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے ون ڈے سیریز میں سری لنکا کو شکست دی جبکہ سری لنکا نے ٹی ٹونٹی سیریز میں میزبان ٹیم کو 2-1 سے شکست دے دی۔