وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چودھری سالک حسین سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی کی ملاقات

بدھ 27 مارچ 2024 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چودھری سالک حسین سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے بدھ کو یہاں ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ امور اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ بدھ کو وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ترکیہ کے سفیر نے چودھری سالک حسین کو سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل کی وزارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

وفاقی وزیر نے ترکیہ کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ وزارت سمندر پاکستانیز غیرقانونی تارکین وطن کی روک تھام کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے جبکہ مہاجر کیمپوں میں آگاہی دینے میں بھی اپنا کردار احسن طریقے سے نبھایا۔

(جاری ہے)

چودھری سالک حسین نے کہا کہ ترکیہ ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور دونوں ممالک ہر مشکل میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔ انھوں نے ترکیہ کے لوگوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے ان کی خدمات سے استفادہ حاصل کرنے کا عندیہ دیا۔ ملاقات میں مستقبل میں معمول کی نقل مکانی کے پہلوئوں کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے اور سیاحت، زراعت، سروسز اور آئی ٹی کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے دونوں ممالک کے مابین ایم او یو پر دستخط کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :