میامی اوپن ٹینس ویمنز سنگلز،ایلینا ریباکینااور ڈینیئل کولنز فائنل میں پہنچ گئیں

جمعہ 29 مارچ 2024 09:30

فلوریڈا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) قزاخستان کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ ایلینا ریباکینا اور امریکا کی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل کولنز اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ بیلاروس کی ٹینس سٹار وکٹوریہ آزارینکا اور روس کی ٹینس کھلاڑی ایکٹرینا الیگزینڈروا خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں ۔

میامی اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ہارڈ روک سٹیڈیم فلوریڈا میں جاری ہے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میں قزاخستان کی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کی فورتھ سیڈڈ ایلینا ریباکینا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف بیلاروس کی ٹینس سٹار وکٹوریہ آزارینکا کو 4-6 ،6-0 اور 6-7(2-7)سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

ایک اور میچ میں اور امریکا کی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل کولنز نے بھی سیمی فائنل لائن عبور کرتے ہوئے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ، انہوں نے دوسرے سیمی فائنل میچ میں حریف روس کی ٹینس کھلاڑی ایکٹرینا الیگزینڈروا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 2-6 سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں قزاخستان کی ایلینا ریباکینا کا مقابلہ امریکا کی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل کولنز سے ہوگا۔\932