اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال سے مرکزی انجمن تاجران کے وفد کی ملاقات، مسائل کے حل کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی

جمعہ 29 مارچ 2024 13:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن ممتاز گوندل سے مرکزی انجمن تاجران کے وفد نے تاجر برداری کے مسائل کے حوالے سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال نے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے پر سرپرست اعلی حاجی شیخ حبیب اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور مرکزی انجمن تاجران سمبڑیال کو تاجر برداری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے مطابق امن و امان کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانااولین ترجیحات میں شامل ہیں ،سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے کر شہر میں سکیورٹی پلان پر باضابطہ طور پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ عید الفطر سے قبل اور عید کے دنوں میں شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پولیس کے جوانوں پر مشتمل دستوں نے مرکزی شاہراہوں اور اہم پبلک مقامات پر ابھی سے گشت کا آغاز کر دیا ہے، اس کے علاوہ شہریوں اور تاجر برادری کوتحفظ فراہم کرنے کے پیش نظر پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں ۔