ْایف پی سی سی آئی کا گوہر اعجاز کی سربراہی میں اکنامک ریوائیول تھنک ٹینک کے قیام کا اعلان

جمعہ 29 مارچ 2024 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے معروف کاروباری شخصیت سابق نگران وفاقی وزیر برائے تجارت، صنعت و سرمایہ کاری ڈاکٹر گوہر اعجاز کی سربراہی میں اکنامک ریوائیول تھنک ٹینک کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اکنامک ماہرین کا یہ گروپ پاکستان کی معیشت پر اثرانداز ہونے والے اہم معاشی مسائل کے مطالعہ اور ان پر غور کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔

ایف پی سی سی آئی اکنامک ریوائیول تھنک ٹینک پاکستان کے معاشی منظر نامے پر گہرائی سے تجزیہ اور باخبر گفتگو کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ اس کے بنیادی مقاصد میں اہم اقتصادی چیلنجوں اور مواقع پر تحقیق کرنا، پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ثبوت پر مبنی پالیسی سفارشات تیار کرنا، پالیسی سازوں، کاروباری اداروں، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مکالمے کی سہولت فراہم کرنا، پاکستان کے اقتصادی سفر کو آگے بڑھانے کے لیے بصیرت اور حل فراہم کرنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی اکنامک ریوائیول تھنک ٹینک کے چیئرمین ڈاکٹر گوہر اعجاز ہوں گے اور تھنک ٹینک کے ممبران میں بشیر جان محمد،عارف حبیب، محمد علی طبا،میاں محمد ادریس،ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ،زبیر موتی والا،آصف انعام، شاہد عبداللہ،فواد مختار،خواجہ محمد یونس، شہزاد علی ملک، مقصود اسماعیل،فاروق نسیم، شہزاد اصغر علی اور غضنفر بلور شامل ہیں۔