اردوسائنس بورڈ کے زیراہتمام"تحریکِ پاکستان میں اردوزبان کا کردار"کے موضوع پر سیمینار

جمعہ 29 مارچ 2024 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) اردوسائنس بورڈ کے زیراہتمام یومِ پاکستان کے سلسلہ میں"تحریکِ پاکستان میں اردوزبان کا کردار" کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معروف ماہراقبالیات و لسانیات ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی پاکستان ڈاکٹر عبدالرئوف رفیقی نے تحریک پاکستان اور جدوجہدآزادی کا لسانی پس منظرمدلل انداز میں پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اردوزبان مسلمانوں کی برصغیر آمد سے مقامی بولیوں اور مسلمانوں کی زبانوں عربی، فارسی اور ترکی کے امتزاج سے وجود میں آئی ، اردو برصغیر کی مقبول ترین زبان اور مسلمانوں کی شناخت بنی،اردوزبان اور دوقومی نظریہ لازم وملزوم تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالرئوف رفیقی نے کہا کہ اردوزبان نے مسلمانوں کی ملی تحریک کے فروغ اوشعور بیدار کرنے میں اہم کرداراداکیا،اردوتحریک آزادی کی بنیاد اورعوامی رابطے کی زبان تھی، اس حوالے سے اردوصحافت کاکردار بھی بے حد اہمیت کا حامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں علامہ ڈاکٹر محمداقبال کی اردو شاعری کا کردار بھی ناقابل فراموش ہے، انھوں نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا۔ڈاکٹر عبدالرئوف رفیقی نے کہا کہ اردوزبان پاکستان کی بقا اور استحکام کی ضامن ہے۔قبل ازیں ڈائریکٹر اردوسائنس بورڈ ضیاء اللہ خان طور نے اپنے استقبالیہ خطاب میں سیمینار کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اردوسائنس بورڈ قومی زبان میں سائنسی ، تکنیکی اور سماجی علوم کے فروغ کے لیے اپناقومی کردار بھرپور طریقے سے اداکرنے کے لیے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :