نوشہرہ ورکاں کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر نوشہرہ ورکاں میں پہلی بار پریس کلب آفس میں سپورٹس ڈے سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 6 اپریل 2024 22:09

نوشہرہ ورکاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2024ء) کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر نوشہرہ ورکاں میں پہلی بار پریس کلب رجسٹرڈ (سپورٹس کمیٹی) کے زیرِاہتمام سپورٹس سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے بالخصوص سپورٹس مینز نے شرکت کی۔ مقررین نے سپورٹس کی سرگرمیوں کو انسانی صحت کیلئے لازمی قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ شہر کی آبادی کے مطابق پلے گراؤنڈ مہیا کئے جائیں۔

مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں منشیات، ذہنی دباؤ ،غیر اخلاقی سرگرمیوں ،شوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے منفی اثرات کوکم کرنے کیلئے سپورٹس ایکٹیوٹیز کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔مقررین نے پریس کلب کے پلیٹ فارم سے سماجی ایشوز کو ڈسکس کرنے اور ان کے حل کیلئے کوشش کرنے پر زبر دست خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

سیمینارمیں شہر کیلئے پلے گراؤنڈ کے حصول کی جدو جہد کرنے کیلئے صحافیوں،وکلا،کاروباری، سیاسی وسماجی افراد کی کمیٹی بنانے کی تجویز بھی سامنے آئی۔

سیمینار کے آخر پر رحلت کرنے والے شہر کے نامور سپورٹس مینز بابائے ہاکی رانا ریاض المحمود خاں، فخر نوشہرہ اکبر بٹ پہلوان ،بابائے سپورٹس سید شوکت علی شاہ ، سابق کیپٹن الحمراء کرکٹ کلب شوکت جمیل ،راجہ اکمل اور دیگر کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔ سپورٹس سیمینار میں صحافیوں ،وکلاء، اساتذہ سماجی نمائندوں ،کرکٹ ،ہاکی ،فٹ بال ،بیڈ منٹن ،کبڈی کے کھیل سے وابستہ سپورٹس مینز نے شرکت کی اور ورلڈ سپورٹس ڈے پر سیمینار آرگنائز کرنے پر پریس کلب کا شکریہ ادا کیا ۔