عید پر ہزاروں افراد کی فارسٹ پارک چھانگامانگا میں سیرو تفریح

ہفتہ 13 اپریل 2024 12:55

چھانگامانگا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) فارسٹ پارک چھانگامانگا میں عید ٹرو میلہ کے تین دنوں کے دوران پنجاب کے طول و عرض سے ہزاروں افراد نے پارک کے مختلف حصوں کا خوب نظارہ کیا ،لوگوں کی آمد کا سلسلہ ٹرو کے روز دن 9 بجے ہی شروع ہو گیا تھا اور دوپہر ایک بجے تک وسعی پارک تمام حصے سیربینوں سے بھر چکے تھے ۔شام 5 بجے تک لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ۔

ٹراموے یونٹ چھانگامانگا کے رینج آفیسر ممتاز شفیع سب ڈویژنل آفیسر طلعت عباسی نے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے ۔فارسٹ بلاک افسران انچارج پارک محمد اکرم بھٹی ٹرام انچارج اور ڈیوٹی پر موجود فارسٹگارڈ لوگوں کی رہنمائی کرتے رہے ،تین خصوصی فارسٹ ٹرامز سیر بینوں کو جنگل کی سیر کرانے کے لئے مختص تھیں ،پارک کے تمام حصوں میں فرسٹ ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں ،اس بار جوائے لینڈ کے کنٹریکٹر نے بچوں اور خواتین کی دلچسپی کے لیے جدید جھولے وغیرہ لگائے تھے جوائے لینڈ کشتی رانی اور جھولا پل سیربینوں کی دلچسپی کا مرکز رہے ۔

(جاری ہے)

فارسٹ پارک میں پارکنگ فری ہونے کے باوجود پرائیویٹ لوگ کھلے عام پارک میں داخل ہونے والی ہر ایک کار سے 100 روپے اور 50 روپے فی موٹرسائیکل پارکنگ فیس کے نام پر وصول کرتے رہے اور ایسے غیر قانونی پارکنگ فیس کی وصولی کے عمل کا نوٹس نہیں لیا اور اس سارے عمل کو مبینہ خاموشی ساتھ دیکھتے رہے ۔فارسٹ پارک میں اوباش نوجوانوں کی ٹولیاں خواتین پر آوازے کستے اور فیملیز کو پریشان کرتے رہے اور ایک فیملی کے منع کرنے پر اوباش نوجوانوں نے فیملی میں شامل دو افراد کو سخت زدوکوب اور تشدد کا نشانہ بنایا اطلاع پا کر جب پولیس پارٹی پہنچی چھڑانے کی کوشش کی تو اوباش نوجوانوں نے پولیس پارٹی پر بھی حملہ کر دیا اور پولیس پارٹی کو دھکے دئیے تا ہم پولیس نے چھیڑ خوانی کرنے والے 10 افراد میں سے 4 افراد کو حراست میں لے لیاٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ٹریفک پولیس کا عملہ سیاحوں سے عیدی وصول کرنے میں مصروف رہا۔