گلین میکسویل آئی پی ایل سے اکتا گئے، غیرمعینہ مدت کیلئے بریک لے لی

سن رائزر حیدر آباد کے خلاف میچ کے لیے خود ڈراپ ہونے کا کہا ہے : آسٹریلوی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 اپریل 2024 12:58

گلین میکسویل آئی پی ایل سے اکتا گئے، غیرمعینہ مدت کیلئے بریک لے لی
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اپریل 2024ء ) آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل نے آئی پی ایل سے غیر معینہ مدت کیلئے بریک لے لی۔ 35 سالہ گلین میکسویل نے دماغی اور جسمانی تھکاوٹ کی وجہ سے غیر معینہ مدت کے لیے بریک لے لی ہے۔ گلین میکسویل نے کہا کہ سن رائزر حیدر آباد کے خلاف میچ کے لیے خود ڈراپ ہونے کا کہا ہے، میں اپنی کارکردگی سے رائل چیلنجر بنگلور کی ٹیم میں اپنا حصہ نہیں ڈال پا رہا اور یہ ایک بہترین وقت ہے کہ میں دماغی اور جسمانی طور پر بریک لوں۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی کرکٹر نے مزید کہا کہ میں 6 ماہ میں کچھ اچھا نہیں کرسکا جو کہ مایوس کن ہے، دماغی اور جسمانی طور پر مضبوط ہونے پر دوبارہ ٹیم کو دستیاب ہوں گا۔ آل راونڈر گلین میکسویل نے آئی پی ایل کے 6 میچز میں صرف 32 رنز بنائے ہیں جب کہ ان کی ٹیم رائل چیلنجر بنگلور پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔ دوسری طرف آسٹریلوی آل راونڈر مچل مارش کو ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے کرکٹ آسٹریلیا نے وطن واپس بلا لیا ہے جب کہ آسٹریلوی لیگ سپنر ایڈم زامپا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024ء سے قبل آرام کے لیے آئی پی ایل سے دستبردار ہوچکے ہیں۔