آئی پی ایل، راجستھان رائلز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دیدی، جوز بٹلر کی ناقابل شکست سنچری

بدھ 17 اپریل 2024 00:10

کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) آئی پی ایل کے میچ میں راجستھان رائلز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی، راجستھان نے کولکتہ کا 224 رنز کا بڑا ہدف میچ کی آخری بال پر حاصل کرلیا، جوز بٹلر نے شاندار ناقابل شکست سنچری سکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا جبکہ کولکتہ کے سنیل نارائن کی سنچری رائیگاں گئی۔

منگل کو کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے آئی پی ایل کے 31ویں میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز کا پہاڑ جیسا ٹوٹل کھڑا کردیا، اوپننگ بیٹر سنیل نارائن نے 56 بالوں پر دھواں دھار سنچری سکور کی، ان کی 109 رنز کی اننگز میں 6 چھکے اور 13 چوکے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

راجستھان رائلز کی طرف سے اویش خان اور کلدیپ سین نے دو دو جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور یزویندرا چہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

راجستھان رائلز نے کولکتہ کا 224 رنز کا مشکل اور بڑا ہدف دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ کی آخری بال پر حاصل کرلیا، جوز بٹلر نے ناقابل شکست 107 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا، ریان پراگ 14 بالوں پر 34 اور رومان پاوول 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کولکتہ کی طرف سے ہرشمیت رانا، سنیل نارائن اور ورن چکرورتھی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ویباوو ارورا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد راجستھان رائلز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ٹاپ پوزیشن سے نیچے دھکیل کر خود پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔