روس کے سفیر البرٹ پی خوریف کا الحمراء آرٹ میوزیم کا دورہ

البرٹ پی خوریف نے پاکستانی آرٹسٹوں کے کام دیکھا ،انکی پذیرائی کی

جمعرات 18 اپریل 2024 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) ہمارے ثقافتی اقدار ، آرٹ، فنون لطیفہ کے لئے یہ مثبت اشارے ہیں کہ دُنیا بھر کے ممالک کے سفیر ،وفود گاہے بگاہے الحمراء آرٹ میوزیم، کلچرل کمپلیکس کا دورہ کر رہے ہیں۔اسی اثنا ء میں روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے الحمراء آرٹ میوزیم کا دورہ کیا۔ریشین سفارت خانے سے الینا کولسنکووا بھی انکے ہمراہ تھیں۔

البرٹ پی خوریف نے پاکستانی آرٹسٹوں کے کام دیکھا اور انکی پذیرائی کی ۔پاکستانی آرٹ کی ساکھ میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔الحمراء آرٹ میوزیم کے افسران نے روس کے سفارت وفد کا پرتپارک استقبال کیا اور انہیں الحمراء آرٹ میوزیم میں آویزاں پاکستانی آرٹسٹوں کے سینکڑوں فن پارے دیکھائے جنکی البرٹ پی خوریف نے دل کھول کر تعریف کی اور الحمرا افسران کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین الحمراء رضی احمد نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ ہمیں اپنے آرٹ پر فخر ہے ، ہمارے آرٹسٹوں کا کام اس قدر اعلی ہے کہ جیسے دنیا بھر میں اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے جسے ہم نمایاں کر رہے ہیں۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء طارق علی بسرا نے اس حوالے سے اپنی گفتگو میں کہا کہ الحمراء آرٹس کونسل منظم بنیادوں پر دُنیا کے سامنے آرٹ کے ذریعے اپنا خوبصورت چہرہ پیش کررہا ہے جس کا دنیا بھر میں اعتراف کیا جا رہا ہے، یہی امر حوصلہ افزاء ہے ،جو ہمیں آگے بڑھنے کے لئے توانا رکھتا ہے۔واضح رہے الحمراء آرٹ میوزیم میں 110آرٹسٹوں کے دو سو سے زائد فن پارے آویزا ں ہیں۔

متعلقہ عنوان :