سری لنکا ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں 6 وکٹوں سے شکست دیدی، سیریز 1-1 سے برابر

جمعرات 18 اپریل 2024 22:02

پوچیفسٹروم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) سری لنکا کی ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی فتح اپنے نام کرلی، سری لنکا نے جنوبی افریقہ ویمنز کا 302 رنز کا بڑا ہدف 44.3 اوورز میں حاصل کرلیا، کپتان چماری اتھاپاتھو کو 195 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جنوبی افریقی کپتان لورا وولورڈ کی 184 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے، سری لنکن ویمنز ٹیم 300 سے زائد رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

جمعرات کو پوچیفسٹروم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں میزبان جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز کا بڑا ہدف مقرر کردیا، جنوبی افریقی کپتان اور اوپنر لورا وولورڈ نے 147 بالوں پر 184 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 23 چوکے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

لارا گوڈال 31، مریزانے کیپ 36 اور ندینی ڈی کلارک 35 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

سری لنکا ویمنز ٹیم کی بائولر کویلا دلہاری نے دو جبکہ چماری نے ایک کھلاڑی کوآئوٹ کیا۔ جواب میں سری لنکا ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ کا 302 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 44.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے تاریخ رقم کردی، یہ پہلا موقع ہے کہ کسی انٹرنیشنل میچ میں ویمنز ٹیم نے 300 سے زائد کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا ۔ کپتان چمارا اتھاپاتھو نے 139 بالوں پر 195 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو تن تنہا کامیابی سے ہمکنار کرادیا۔

ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 26 چوکے شامل ہیں۔ نیلاکشیکا سلوا 50 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہیں۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے ایابونگا کھاکا نے دو جبکہ ندینی ڈی کلارک اور ڈیلمی ٹوکر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سری لنکن کپتان کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔