کھیلوں کے شعبے میں باصلاحیت نوجوانوں کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی،پختون یار خان

جمعرات 18 اپریل 2024 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک پختون یار خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کے شعبے میں باصلاحیت نوجوانوں کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی اور کھیلوں کے فروغ کیلئے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں ریلوے روڈ پر سٹوڈنٹس سنوکر کلب کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ سپورٹس آفیسر عادل شاہ,امیر البحر و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مخالفین نے بنوں میں ملٹی پرپز سپورٹس کمپلیکس سپورٹس ایرینا سے سیکشن فور ختم کرکے سکیم ختم کرنے کی کوشش کی جس میں انڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کی تمام سہولیات موجود تھیں جسے ہماری صوبائی حکومت نے بنوں کے نوجوانوں کے لئے منظور کرایا تھا لیکن مخالفین نے اسے ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے اب ہماری کوشش ہے کہ دوبارہ سے سکیم فعال بنائیں اور کھلاڑیوں کو یہاں تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے کہاکہ قائد پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کھیلوں کا فروع موجودہ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے موجودہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے مربوط اقدامات اٹھائے گی انہوں نے کہاکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی آمین گنڈا پور کی قیادت میں پورا خیبرپختونخوا اور باالخصوص بنوں کو صحت، تعلیم اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لحاظ سے رول ماڈل بنائیں گے کھیلوں کی سرگرمیاں وقت کی اہم ضرورت ہے مخالفین یہ نہیں چاہتے کہ خیبر پختونخوا میں ترقی خوشحالی اور امن ہو انہوں نے کہاکہ بنوں کو ترقی یافتہ اضلاع کی صف میں شامل کریں گے بنوں کے عوام کو خود مختار بنائیں گے خیبرپختونخوا کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے غیر اخلاقی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات اٹھانے میں عوام کا تعاون ہونا ضروری ہے بنوں کی پہچان اور عزت بحال رکھنا چاہتے ہیں۔