اسلام آباد کے شہریوں کے لئے شروع کئے جانے والے ہائوسنگ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا ، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،ریاض پیرزادہ

جمعہ 19 اپریل 2024 20:27

اسلام آباد کے شہریوں کے لئے شروع کئے جانے والے ہائوسنگ کے منصوبوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) وفاقی وزیر ہائوسنگ ریاض حسین پیرزادہ نے کہاہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لئے شروع کئے جانے والے ہائوسنگ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاسنگ اتھارٹی فاونڈیشن (پی ایچ اے ایف ) کی جانب سے اسلام آباد کے سیکٹرآئی 12میں بیلٹنگ کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا I-12/1 تقریب کے دوران وزارت کی جانب سے منسوخ کئے جانے والے 75 اپارٹمنٹس پر طریقہ کار کے مطابق دوبارہ بیلٹنگ کی گئی اس موقع پر وفاقی وزیر نے I-12/1 پروجیکٹ کا قبضہ جلد از جلد الاٹیوں کے حوالے کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت کے ملازمین اور عوام کو جدید رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری تمام منصوبوں کی بروقت مکمل کیا جائے اس موقع پر انہوں نے پی ایچ اے ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد حسین کو بھی اس منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے میں ان کی موثر کوششوں کو سراہاتقریب میںایم ڈی پی ایچ اے ایف نے وزیر کو بتایا کہ منسوخ شدہ اپارٹمنٹس کے لیے ایک حالیہ ممبرشپ مہم کے دوران تقریبا ایک سو درخواست دہندگان کو راغب کیا جن میں سے 75 نے کامیابی کے ساتھ ووٹ ڈالے۔

(جاری ہے)

وزارت کے مطابق I-12/1 پروجیکٹ، جو 2016 میں شروع ہوا، جو کیٹیگری ڈی اور ای کے 3200اپارٹمنٹس پر مشتمل ہے اور اس کا 90% تعمیراتی کام پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے ان اپارٹمنٹس کا قبضہ بہت جلد الاٹیوں کو دیا جائے گا۔ مزید برآںاس بات کا بھی نوٹس لیاگیا کہ حالیہ ممبرشپ مہم میں عام لوگوں اور وفاقی حکومت کے ملازمین دونوں کیٹیگریز کے لیے اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کے لیے یکساں کوٹہ برقرار رکھا جا رہا ہے تقریب میں سیکرٹری ہاسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر شہزاد خان بنگش سمیت وزارت اور پی ایچ اے ایف کے دیگر اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔۔۔۔۔اعجاز خان