محکمہ اسپورٹس سندھ نے صوبہ میں سندھ اسپورٹس سٹی بنانے اور ڈویژنل سطح پر اسپورٹس گیمز کرانے کا اعلان کردیا

جمعہ 19 اپریل 2024 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) محکمہ اسپورٹس سندھ نے صوبہ میں سندھ اسپورٹس سٹی بنانے اور ڈویژنل سطح پر اسپورٹس گیمز کرانے کا اعلان کردیا ہے۔سندھ کے وزیر کھیل و زراعت سردار محمد بخش مہر کی صدارت میں سندھ کی 45اسپورٹس ایسوسی ایشنز کا سیکریٹری کھیل جلال الدین مہر کے دفتر میں اجلاس ہوا،جس میں سیکریٹری اسپورٹس جلال الدین مہر، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن، سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن سمیت دیگر ایسوسی ایشنز نے شرکت کی۔

وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے اسپورٹس ایسو سی ایشنز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صوبہ میں سندھ اسپورٹس سٹی بنانے جارہے ہیں، اسپورٹس سٹی بنانے کے لیے سیکریٹری کھیل ایک پرپوزل تیار کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں اسپورٹس سٹی بنائیں تاکہ سندھ کی اسپورٹس پروموٹ ہو،اسپورٹس سٹی میں اسپورٹس ایسو سی ایشنز کے دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سردار محمد بخش مہر کا سیکریٹری کھیل کو احکامات دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نیشنل گیمز اور ڈویژنل سطح پر اسپورٹس گیمز کرانے کے لیے تیاری کریں،ہماری یہی کوشش ہے کہ سندھ کی اسپورٹس کو آگے لائیں، تمام اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے لیے سیکریٹری اسپورٹس کا دفتر ہر وقت کھلا رہیگا،میں خود اسپورٹس سے وابسطہ ہوں، ہم سب ملکر اسپورٹس کو آگے لائیں گے۔اجلاس میں سندھ اسپورٹس ایسوسی ایشنز کے شرکا نے کہا کہ سندھ میں اسپورٹس سٹی کا اعلان خوش آئندہ ہے اور مطالبہ کیا کہ فزیکل ایجوکیشن،محکمہ تعلیم سندھ سے واپس لیکر محکمہ اسپورٹس میں ضم کیا جائے، جس پر وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے تمام ایسو سی ایشنز کو ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :