دبئی میں ریستوران کے خلاف ایک لاکھ درہم ہرجانے کا دعوی مسترد

ہفتہ 20 اپریل 2024 10:00

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) متحدہ عرب امارات میں دبئی کی سول کورٹ نے مقامی ریستوران کے خلاف ایک لاکھ درہم ہرجانے کا دعوی خارج کردیا۔امارات الیوم کے مطابق عدالت نے عدم ثبوت کے باعث دعوی خارج کردیا جبکہ متعلقہ ادارے کی رپورٹ میں بھی ایسی کسی بات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

اخبار کا کہنا ہے کہ دونوں افراد نے بتایا کہ انہوں نے ریسٹورنٹ میں کھانا طلب کیا لیکن اس میں کیڑے کی موجودگی کا انکشاف ہوتے ہی ہوٹل انتظامیہ کو مطلع کیا۔

مثبت رد عمل نہ ملنے پر انہوں نے بلدیہ کو مطلع کیا۔دعوی میں کہا گیا تھا کہ انہیں جو ذہنی کوفت پہنچی عدالت ،ہوٹل انتظامیہ سے ہرجانہ ادا کرائے۔ہوٹل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ دعوی غلط ہے کیونکہ بلدیہ کے ذمہ دار نے آکر معائنہ کیا اور کوئی غیرمعمولی چیز کھانے سے برآمد نہ ہونے پرخلاف ورزی درج نہیں کی گئی۔عدالت میں اپنے دعوی کے ٹھوس ثبوت پیش نہ کرنے پر مقدمہ خارج کردیا گیا ہے ۔عدالت نے انہیں وکیل کی فیس ادا کرنے کا بھی پابند کیا۔