مانسہرہ۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا سلسلہ جاری

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:28

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) ضلعی پولیس سربراہ مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور کی ہدایت پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانہ صدر پولیس نے بدنام زمانہ آئس فروش خاتون مسماة فرزانہ بی بی زوجہ عبدالحمید سکنہ شاہ خیل گڑھی کی گرفتاری کیلئے عدالت سے خانہ تلاشی کا وارنٹ حاصل کرنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور لیڈیز پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارا تاہم ملزمہ گھر میں عدم موجود پایا گیا۔

خاتون پولیس اہلکاروں کے ہمراہ خانہ تلاشی عمل میں لائی گئی تو ملزمہ کے گھر سے 383 گرام آئس برآمد کر لی گئی جبکہ ملزمہ کے خاوند عبدالحمید ولد محمد مسکین کے خلاف غیرقانونی اسلحہ رکھنے پر اسلحہ آرڈیننس کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

برآمد کئے گئے اسلحہ میں دو ماؤزر 30 بور، ایک پستول 30 بور، ایک رپیٹر 12 بور، ایک رائفل 44 بور اور 46 کارتوس برآمد کر کے دونوں میاں بیوی کے خلاف منشیات اور اسلحہ آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے۔

دونوں میاں بیوی کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جلد ہی دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ اپنے پیغام میں ڈی پی او مانسہرہ نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کیلئے ضلع میں رہنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، موت کے سوداگروں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوائیں گے اور ایسے تمام افراد کو ضلع بدر کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔